علامہ اقبال ہسپتال ، عارضی ملازمین کا تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج

علامہ اقبال ہسپتال ، عارضی ملازمین کا تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )تین ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے پر گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت بھرتی ہونے والے 500 ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ اور ریلی۔۔۔

مظاہرین میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین شامل تھے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر تین ماہ سے رکی ہوئی تنخواہیں بحال کرنے اور ملازمین کو مستقل کرنے کے نعرے درج تھے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ احتجاج پرامن ہے ہمارے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو مکمل ہڑتال کریں گے اور دھرنا بھی دینگے ، تنخواہیں نہ ملنے پر گھروں کے چولہے بند ہیں لیکن ہم پھر بھی فرائض سر انجام دے رہے ہیں ،دو دو ماہ سے بجلی کے بل اور مکان کے کرائے ادا نہیں کرسکے حکومت ہوش کے ناخن لے ہمارے مطالبات منظور کئے جائیں اور ہماری رکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی فوری طور پر کی جائے آئندہ ہفتے تک مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں او پی ڈی اور ان ڈور بند کرنے کا اعلان کر دینگے ۔ڈاکٹر طارق اقبال صدر ایم ٹی آئی ملازمین نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف باضابطہ بورڈ بنوائیں اور تنخواہیں بحال کرائیں اور ملازمین کو مستقل کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں