طلبا ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی استعمال نہ کرنیکی ہدایت
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ طلبا کو پک اینڈ ڈراپ کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں بشمول بسوں ۔۔۔
ویگن، رکشہ ، چنگ چی میں ایل پی جی گیس استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ، گاڑی مالکان کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ ، روٹ پرمٹ ہونا چاہیے ۔ کمشنر گوجرانولہ نے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ایجوکیشن کو مراسلہ میں کہا کہ نوٹس میں آیا ہے کہ سٹوڈنٹس کو سکولوں میں لانے اور لیجانے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں میں ایل ایل پی جی گیس سلنڈر استعمال کیے جاتے ہیں جو کہ بچوں کے لیے سنگین خطرے کا باعث بن سکتا ہے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ تمام پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر کے تعلیمی ادارے طلبا وطالبات اور والدین میں ٹرانسپورٹ سیفٹی بارے آگاہی دیں کہ وہ محفوظ ٹرانسپورٹ کو ہی استعمال کریں۔ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلہ میں تمام تحصیلوں میں مانیٹرنگ کمیٹیاں آج ہی تشکیل دے کر بھرپور عوامی آگاہی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)شبیر حسین بٹ ،اسسٹنٹ کمشنرز سٹی اقراء مبین، صدر عثمان سکندر، کامونکی ماہم واحد، وزیر آباد رب نواز، نوشہرہ ورکاں نوید حیدر ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر معیز منصور، سی ای او ایجوکیشن خالد جاوید اعوان، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس ملک نعیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر اور نمائندگان شریک تھے ۔