نیا ڈی ایچ کیو ہسپتال 400 بیڈز پر مشتمل ہو گا :سائرہ افضل

 نیا ڈی ایچ کیو ہسپتال 400 بیڈز پر مشتمل ہو گا :سائرہ افضل

حافظ آباد (نامہ نگار،نمائندہ دنیا )سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ حافظ آباد میں نیا تعمیر ہونے والا ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسو بیڈز پر مشتمل ہو گا ،ہسپتال میں بیڈ زکی تعداد میں کسی صورت بھی کمی نہیں کی جائیگی ۔

نئے زیر تعمیر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بیڈز کی کمی مخالفین کا ایک جھوٹا پروپیگنڈا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق کے ہمراہ نئے تعمیر ہونے والے چار سو بیڈز کے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور یونیورسٹی آف حافظ آباد کے منصوبے کا دورہ کر تے ہوئے کیا۔سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کاکہناتھا کہ چار سو بیڈ زکا یہ نیا ڈ ی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد کی عوام کے لیے ایک مثالی ہسپتال ہو گا جہاں علاج معالجہ کی تمام سہولیات دستیاب ہونگی ۔انہوں نے محکمہ بلڈنگزکے افسران اور متعلقہ کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے فیز ون کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ یہاں پر مریضوں کے علاج معالجہ اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی شروع کی جا سکے ۔ سائرہ افضل تارڑ اورڈپٹی کمشنر عبد الرزاق نے زیر تعمیر یونیورسٹی آف حافظ آباد کی سائٹ کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر سائرہ افضل تارڑ نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ اگلے تعلیمی سال سے یہاں پر باقاعدہ کلاسز کا آغاز کیا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق نے دونوں بڑے منصوبوں کو مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ بلڈنگز کے افسران اور کنٹریکٹر کو واضح کیا کہ تاخیر کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں