پنڈی بھٹیاں میں یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جائیگا:عون انتصار

 پنڈی بھٹیاں میں یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جائیگا:عون انتصار

پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)ایم پی اے میاں عون انتصار بھٹی نے کہا ہے کہ حلقہ کے عوام کو تعلیم اور صحت کی جدید ترین سہولیات مہیا کرنے اور دیہات کو شہروں سے ملانے والی خستہ حال سڑکوں کی بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

 نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈی بھٹیاں میں یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے کوشاں ہوں تاکہ طلبا اور طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے دوسرے شہروں میں نہ جانا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ہسپتال میں صحت کی جدید ترین سہولیات مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہوں جبکہ دیہی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز پر بھی عوام کو صحت کی سہولتیں مہیا کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، ٹراما سنٹر پنڈی بھٹیاں کو جلد آپریشنل کردیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ دیہات کو شہروں سے ملانے والی سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں جن پر سفر کرنا دشوار ہو گیا ہے ، کھیت سے منڈی تک سڑکوں کی بحالی کیلئے کوشاں ہوں ۔عون انتصار بھٹی نے کہا کہ علاقہ میں بڑھتے جرائم پر وزیر اعلیٰ کو صورتحال سے آگاہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں نکاسی آب کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے سیورج سسٹم کیلئے فنڈز موجود ہیں لیکن حکم امتناعی کی وجہ سے منصوبہ پر کام شروع نہیں ہو رہا اس پر بھی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جلد رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔انہوں نے بتایا کہ پتن روڈ بند سے سکھیکی ضلع حافظ آباد کی بائونڈری تک سڑک کی تعمیر پر جلد کام شروع ہو گا ،پنڈی بھٹیاں اور سکھیکی منڈی کو خوبصورت شہر بنانا چاہتا ہوں، اس سلسلہ میں ماسٹر پلان بنائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب زراعت کے شعبہ کی ترقی کیلئے زمینداروں کو بلا سود قرض ،گرین ٹریکٹر سکیم، سولر ٹیوب ویل اور دیگر زرعی آلات پر سبسڈی دیکر انقلاب لانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں