حافظ آباد:رجسٹری برانچ سے اراضی کا ریکارڈ چوری
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد کے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں واقع رجسٹری برانچ کے ریکارڈ روم کا تالا توڑ کر نامعلوم افرادمبینہ طور پر اربوں روپے کی اراضی کا ریکارڈ چرالے گئے ، تاحال ملزموں کا سراغ نہ لگ سکا۔
تفصیلات کے مطابق رجسٹری برانچ کے ریکارڈ روم میں جہاں شہریوں کی اربوں روپے کی اراضی کاریکارڈ موجود ہے وہاں پر نامعلوم افراد نے تالا توڑ کرقیمتی ریکارڈ چرالیا جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے تحقیقات شروع کردیں لیکن ابھی تک ملزموں کا سراغ نہ لگایا جاسکا جس پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ شہری حلقوں نے ریکارڈ چرائے جانے کے مذموم دھندے میں رجسٹری برانچ کے ملازمین کے ملوث ہونے کے خدشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسکی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرواکے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔