ڈسکہ:تجاوزات کیخلاف مہم میونسپل کمیٹی کی کمائی کا ذریعہ

ڈسکہ:تجاوزات کیخلاف مہم میونسپل کمیٹی کی کمائی کا ذریعہ

ڈسکہ (نامہ نگار ) ڈسکہ میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے تجاوزات کیخلاف شروع کی گئی مہم کمیٹی کے عملہ کیلئے چاندی ثابت ہونے لگی۔

 میونسپل کمیٹی کا عملہ جوخودہی شہر بھر میں روزانہ اور ماہانہ کی بنیاد پر بھاری بھتہ لیکر تجاوزات قائم کرانے اور پھڑیاں لگوانے میں ملوث ہے ۔ اب ڈپٹی کمشنر کے حکم پر شروع کی گئی مہم کے دوران مذکورہ عملہ بھتہ نہ دینے والے ریڑھی والوں کے نہ صرف تر از واور دیگر سامان اٹھا کر لے جاتا ہے بلکہ اسکی واپسی کے عوض ان سے جیبیں بھی گرم کر رہا ہے اور بھتہ نہ دینے والے ریڑھی بانوں سے منتھلی مقرر کرتا بھی نظر آتا ہے ۔ بھتہ دینے والے ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ جو نہی شہر میں افسروں کی آمد ہوتی ہے تو یہ کرپٹ ترین عملہ انہیں بتا دیتا ہے کہ ریڑھیاں سائیڈ ز پر کرلیں اور افسروں کے جاتے ہی انہیں دوبارہ ریڑھیاں لگانے کی اجازت مل جاتی ہے ۔ ریڑھی بانوں کا کہنا تھا کہ اصل تجاوزات تو با اثر تاجروں اور دکانداروں نے قائم کر رکھی ہیں جنہوں نے شاہراہوں کی کئی کئی فٹ جگہ پر قبضہ جمارکھا ہے لیکن اسکی جانب کوئی توجہ ہی نہیں دے رہا جبکہ ہم غریب مزدوروں اور محنت کشوں سے بھتہ لئے جانے کے باوجود خوار بھی کیا جارہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں