شہریوں سے ملکر منشیات کا خاتمہ کرینگے :ڈی پی او حافظ آباد
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے کہا ہے کہ ضلع بھرسے منشیات کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہیں، منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے کارروائیوں میں تیزی لائی جارہی ہے۔۔۔
ضلع بھر میں کامیاب کارروائیاں کرکے بڑے مگر مچھوں کو بے نقاب کیاگیا ہے ۔مختلف علاقوں، موٹروے انٹر چینجز سمیت ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں اورچیک پوسٹوں پر منشیات کی سمگلنگ کو نہایت ہی پیشہ ورانہ طریقے سے ناکام بنا کرکروڑوں روپے کی منشیات برآمد کرکے متعدد منشیات فروشوں اور سمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پبلک ہال میں ابنِ ابراہیم ادارہ ترکِ منشیات کے زیر ہتمام ‘‘ترکِ منشیات سیمینار’’ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع مرکزی صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(دستور)شرجیل امجد راؤ، مرکزی صدر ابنِ ابراہیم ادارہ ترکِ منشیات عبدالقدیر چودھری، صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب رانا ارشد انجم، چودھری امتیاز احمد تاج، سجاد ظہر مٹمل، مہر حبیب اﷲ، شیخ محمد امجد،ڈی ایس پی صدر سرکل رانا جمیل قیصر، ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں فیصل منظور، ڈی ایس پی سی آئی اے سٹاف عبدالغفار، ڈی ایس پی ٹریفک ناصر علی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر زمحمد آصف، انچارج سی آئی اے عہد حسین تارڑ، ایس ایچ او سٹی سہیل اشرف، ایس ایچ او صدر جہانگیر چدھڑ سمیت متعدد پو لیس افسر موجود تھے ۔ڈی پی او فیصل گلزار نے کہا کہ ہرقسم کے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،شہریوں سے ملکر منشیات کاخاتمہ کرینگے ۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کے حامل پولیس افسر وں و ملازمین میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔