جامعہ گجرات میں مائیگر یشن بارے عام معلومات پر سیمینار
گجرات(سٹی رپورٹر )جامعہ گجرات میں طلبہ میں غیر قانونی طور پر ترک وطن بارے عمومی آگاہی کے لیے سیمینار ‘‘مائیگر یشن بارے عام معلومات’’ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔
سیمینار کا اہتمام شعبہ سوشیالوجی نے SSDOکے اشتراک سے کیا تھا۔ جامعہ گجرات کا شعبہ سوشیالوجی طلبہ میں مثبت فکر وعمل کے فروغ کے لیے متحرک اور کوشاں ہے ۔ دورحاضر میں وطن عزیز پاکستان کے نوجوان طبقہ میں بہتر مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی طور پر سرحدیں عبور کرتے ہوئے غیر ممالک میں جانے کا رحجان بڑھ رہا ہے ۔ اسی تناظر میںSSDOکے سینئر سٹاف سید تیمور شاہ اور کشمالہ فخر نے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر غیر ممالک میں جا کر بسنے کے مضمرات و خطرات سے بخوبی آگاہ کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو بہتر انداز میں مکمل کرتے ہوئے قانونی طور پر باقاعدہ ویزہ حاصل کرتے ہوئے غیر ممالک کا سفر عزت مند انداز میں کریں۔سیمینار کی میزبانی چیئرپرسن شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر محمد شعیب نے کی۔ سیمینار میں شرکت کرنے والے شعبہ جات سوشیالوجی ، ماس کمیو نیکشن اور انگریزی کے 55طلبہ میں سے 30طلبہ کو آئندہ چار روزہ عملی تربیت میں شرکت کا موقع فراہم کیا گیا۔ سیمینار کے اختتام پر نوجوانوں کو ملک میں ہی وسائل مہیا کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن بننے سے بچانے کیلئے مفید تجاویز پیش کی گئیں۔