سیالکوٹ بائی پاس روڈ پر تجاوزات کیخلاف گرینڈآپریشن
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر حلیمہ منیر کا ضلع کونسل کی ٹیموں کے ہمراہ سیالکوٹ بائی پاس روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈآپریشن،تجاوزات کے خلاف آپریشن جو آئندہ دنوں شیڈول کے مطابق دوسرے علاقوں میں بھی کیا جائے گا۔
مین روڈ پر پختہ تجاوزات اور کنارے لگے کھوکھے ، شیڈز، ہتھ ریڑھیاں و دیگر پختہ تجاوزات کو مسمار کروا دیا گیا، روڈ پر تمام تجاوزات کو مسمار کر دیا ۔انہوں نے تجاوزات کا باعث بننے والوں کو تنبیہہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضا کارانہ طور پر تمام تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے مقررہ حدود میں اپنی کاروباری سرگرمیاں عمل میں لائیں بصورت دیگر جرمانوں کے ساتھ ساتھ،مقدمات درج اور حالات کی سیر بھی کرائی جائے گی۔آپریشن میں چیف آفیسر ضلع کونسل،تحصیلدارا صدر، سپرٹنڈنٹ ایڈمن اور ضلع کونسل کی ٹیموں اور دیگر متعلقہ شریک تھے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق قریشی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خلاف اسی طرح آپریشن جاری رکھے گی، تمام افسران شہر کے دورے کریں اور ایسے تمام عناصر کے خلاف کاورائیاں عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔