سبزی منڈیوں کی ڈیجیٹیلائزیشن کیلئے حکمت عملی تیار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین ٹاسک فورس پنجاب برائے پرائس سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ کاشتکاروں ،تاجروں، آڑھتیوں اور ٹریڈرز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرائس، سپلائی اور ڈیمانڈ میکنزم میں بڑی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
سبزیوں اور اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کسان کارڈ کا اجرا اور صوبے میں قابل کاشت اراضی کی مپنگ کرکے کاشتکاری کے استعمال کیلئے کام کا آغاز کردیا گیا۔ سپلائی اینڈ ڈیمانڈ مینجمنٹ کے ادارے کے قیام سے اشیا ضروریہ کی بلا تعطل سپلائی کیلئے امپورٹ لائسنس د ئیے جائیں گے ۔یہ بات انہوں نے ضلع سیالکوٹ کی تاجر کمیونٹی کے نمائندگان، ضلعی پرائس کمیٹی کے اراکین ، سول سوسائٹیز اور صارفین کے نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ سبزی منڈیوں کی ڈیجیٹیلائزیشن کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جبکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔پیرا کے اپنے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہونگے جن کا کام صرف پرائس چیکنگ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بے ہنگم نہیں، منظم پنجاب کے تحت شہروں میں صاف ستھرے ریڑھی بازار لگائے جارہے ہیں جس سے تجاوزات کا بھی خاتمہ ہوگا اور ٹریفک کے مسائل حل ہونگے ۔