مطالبات کی منظوری تک تعلیمی بائیکاٹ جاری رہے گا :اساتذہ
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)پنجاب ٹیچرز الائنس کے زیرِ اہتمام حکومت پنجاب کی استاد و تعلیم دشمن پالیسیوں کے سبب 5 اکتوبر سلام ٹیچر ڈے کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔۔۔
جس کیلئے سینکڑوں اساتذہ کرام نے پلے کارڈز اٹھائے سرکاری سکولوں کی نجکاری نامنظور نامنظور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول جی ٹی سے ایجوکیشن کمپلیکس تک ریلی نکالی ۔ ریلی کی قیادت محمد آصف سعید ، شہباز وڑائچ ، رانا مقیم خان ، محمد شازب اعوان ، عارف کھوکھر ، افضل مہر ، حافظ اشفاق ، وسیم کمبوہ ، ظہیر بابر نے کی ۔ ریلی سے خطاب میں ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین محمد شازب اعوان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کرام شوق سے روڈ پر نہیں آئے بلکہ حکومت پنجاب کی ظالمانہ پالیسیوں نے مجبور کیا ہے ۔ دنیا بھر میں 5 اکتوبر کو سلام ٹیچر ڈے منا رہے ہیں مگر پنجاب کے اساتذہ سٹرکوں پر ہیں ۔ 19 اکتوبر 2023 کو میڈم مریم نواز نے جاتی امرا میں یونین نمائندگان کو یقین دہانی کروائی تھی کہ بر سر اقتدار آتے ہی اساتذہ کے مسائل انکی دہلیز پر حل کریں گے مگر وزیر اعلیٰ بنتے وہ وعدہ بھول گئی ہیں ۔ ضلعی صدر محمد شازب اعوان کا مزید کہنا تھا کہ سکولوں کی نجکاری ، لیو انکیشمنٹ کے نوٹیفکیشن کی واپسی ، پینشن اصلاحات سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے ۔ سکولوں میں تعلیمی بائیکاٹ بدستور جاری رہے گا بچوں کو سکول سے چھٹی دے کر اساتذہ سیاہ پٹیاں باندھ کر صفوں پر بیٹھ جائیں گے ۔ حکومتی بے حسی ختم ہونے تک تعلیمی نظام تعطل کا شکار رہے گا اور پر امن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ 12 اکتوبر تک مطالبات کی منظوری نہ ہوئی تو سکولوں کی تالا بندی کر کے ڈی سی آفس میں احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔