زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 3بھٹے مسمار
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) سموگ و آلودگی کے خاتمے کیلئے وزیر اعلٰی مریم نوازشریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی ہدایت پر تحصیل (صدر)میں کریک ڈاؤن، بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے چلنے والے 3 بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا ۔
وزیر اعلٰی کے ویژن آلودگی سے پاک ستھرا پنجاب مہم کے تحت آلودگی کی روک تھام کے لیے کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اسسٹنٹ کمشنر (صدر) ڈاکٹر حلیمہ منیر،ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان اظہر محکمہ تحفظ ماحولیات اور دیگر متعلقہ نے تحصیل صدر کے علاقہ شیخ رجادہ میں (فیصل بٹر برکس کمپنی، فرحت بٹر برکس کمپنی ، بٹر برکس کمپنی) کے خلاف کاروائیاں کیں ۔ماحول دوست ٹیکنالوجی کا نظام نہ لگانے ، کھلے مقامات پر مہلک دھاتیں جلانے اور انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرنے والے بھٹوں کو مسمار کیا گیا۔ اس موقع پر افسر وں نے کہا ہے کہ جو لوگ قانون کی خلاف ورزی کریں گے انکا محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ مسمار کیے گئے بھٹوں میں مہلک دھاتیں بطور ایندھن استعمال کی جارہی تھیں۔ اور مواد کو کھلے آسمان تلے جلایا جارہا تھا جس سے نہ صرف علاقہ میں آلودگی میں اضافہ ہو رہا تھا بلکہ مہلک دھاتیں جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کررہا تھا۔