حافظ آباد:تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف اساتذہ کی ریلی
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )گرینڈ ٹیچرز الائنس ضلع حافظ آباد کے پلیٹ فارم سے اساتذہ نے تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے دفتر سے ڈپٹی کمشنر آفس تک احتجاجی ریلی نکالی ۔۔۔
جس کی قیادت گرینڈ ٹیچرز الائنس کے ضلعی کنونئیر نصیرالدین، ریاض احمد تارڑ اور اقبال ہنجرا نے کی، شرکاء کی طرف سے سکولوں کی نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم سکولوں کی نجکاری کو مسترد کرتے ہیں، ایس ایس ایز اور اے ای اوز جو 10سال سے مستقل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ،انہیں فوری طور پر مستقل کیا جائے ،لیو انکیشمنٹ کے کالے قانون کو فوری واپس لیا جائے ،ٹائم سکیل پروموشن اور ان سروس پروموشن کی جائے ، سکولوں کے نئے اوقات کار کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکولوں کا پرانا ٹائم بحال کیا جائے ، پے اینڈ سروس پروٹیکشن کو بحال کیا جائے ۔ ٹرانسفر پالیسی میں خامیوں کو ختم کیا جائے ، اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیاں ختم کی جائیں ، مطالبات کے پورے ہونے تک 7اکتوبر سے تمام سکولوں کی تالا بندی کی جائے گی۔