وزیرآباد چوروں ڈکیتوں ، راہزنوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ
وزیرآباد(نامہ نگار)وزیرآباد چوروں ڈکیتوں اور راہزنوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ پن گیا ،پچھلے 3 ماہ میں چوری ڈکیتی اور موٹرسائیکل چھیننے کی ریکارڈ وارداتیں پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئیں ۔
برتن بازار میں دن دہاڑے کولہو والوں کے کریانہ سٹور سے نامعلوم ڈاکو 5 لاکھ روپے اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے چند روز قبل دعا موبائل کے مالک فیصل شیخ سے بھی نامعلوم ڈاکو 15 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے جبکہ چار روز قبل سرکلر روڈ سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اہلکار سے ڈاکو 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے ۔ وزیرآباد میں موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتیں روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے لگتا ہے کہ وہ علاقہ غیر میں رہ رہے ہیں پولیس چوروں اور ڈاکووں کو پکڑنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔وارداتوں کے شکار ہونے والے شہری اپنی التجائیں لے کر خوار ہو رہے ہیں لیکن ان کے ملزم پکڑے نہیں جا رہے ۔ شہریوں اور متاثرین نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس کے گشت کے نظام کو موثر بنایا جائے اور فرض شناس افسروں کو مقدمات کی تفتیش پر مامور کیا جائے تا کہ چوروں اور ڈاکوئوں کو پکڑ کر متاثرین کو مال مسروقہ واپس کیا جائے ۔