قیمتیں نظر انداز،سبزیاں شہریوں کی پہنچ سے دور
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)سبزیوں کی قیمتوں میں چند دن کی کمی کے بعد دوبارہ اضافہ ،عام آدمی کیلئے سبزی خریدنا بھی محال ہو گیا،مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جانے والی ریٹ لسٹ نظر انداز کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں سبزی فروشوں نے قیمتوں میں ایک بار پھر ریکارڈ اضافہ کر دیا ،کوئی بھی سبزی ایسی نہیں ہے جو 300روپے فی کلو گرام سے کم ہو۔ کریلے 250روپے ،گوبھی 200روپے ،شملہ مرچ 300روپے ،مٹر 600روپے ،ادرک900روپے ، لہسن 600روپے ،ٹماٹر 170روپے ،پیاز 180روپے کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔سبزی کی قیمتوں میں اضافہ نے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا ۔سبزی کی قیمتوں میں اضافہ سے شہریوں اور دکانداروں میں بحث و مباحثہ دیکھنے کوآ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جن سبزیوں کی قیمت 120سے 150 روپے فی کلو تھی ان کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے ۔پہلے وہ آسانی سے سبزی خرید لیتے تھے لیکن اب وہ بھی مشکل ہو گیا ہے ۔جو قیمت ریٹ لسٹ پر لکھی ہوئی ہے اس حساب سے کوئی بھی سبزی نہیں مل رہی۔پرائس کنٹرول کمیٹیاں زائد قیمت پر سبزی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں ۔دوسری طرف دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمیں سبزی منڈی سے جس حساب سے سبزی ملتی ہے تو اس کے مطابق فروخت کر رہے ہیں ،سرکاری ریٹ لسٹ پر تو منڈی سے سبزی نہیں مل رہی اگر ہمیں سبزی کم ریٹ پر ملے تو ہم بھی ریٹ کم کر دیں گے۔