تین قومی،چھ صوبائی حلقوں کیلئے 96 سکیموں کی منظوری
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ کے تین قومی اور چھ صوبائی حلقوں کیلئے دو ارب 70 کروڑ کی لاگت سے 96 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی ہے۔۔۔
جس کے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے ٹینڈرز بھی جاری کردئیے گئے ہیں جوکہ 23 اکتوبر کو کھولے جائیں گے ، تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو تیس تیس کروڑ روپے یکساں طور پر دئیے گئے ہیں ، این اے 78 کی ترقیاتی سکیمیں اس حلقے سے کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے ایم این اے کو نظر انداز کرکے شکست خوردہ مسلم لیگ نون کے امیدوار خرم دستگیر خان کو مبینہ طور پر سکیموں کا اختیار دیا گیا ہے ، این اے 77 کے لئے 6 سکیمیں، این اے 78 کے لئے 6 سکیمیں، این اے 80 کے لئے 19 سکیمیں، پی پی 61 کے لئے 14 سکیمیں، پی پی 62 کے لئے 5 سکیمیں ، پی پی 64 کے لئے 6 سکیمیں، پی پی 59 کے لئے 10 سکیمیں، پی پی 67 کے لئے 3 سکیمیں اور پی پی 68 کے لئے 27 سکیمیں منظور کی گئی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکوں میں کرپشن اور کمیشن کی حوصلہ شکنی کے لئے ضروری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لئے اچھی شہرت کے حامل شہریوں اور سرکاری افسروں پر مشتمل نگران کمیٹی بنائی جائے جس میں محکمہ اینٹی کرپشن ، ایف آئی اے اور خفیہ اداروں کے افسر بھی شامل ہوں ۔