جامکے چیمہ میں محفوظ اور قانونی ہجرت پر آگاہی سیشن
ہیڈبمبانوالہ (نامہ نگار )مائیگرنٹ ریسورس سینٹرکی طرف سے موضع جامکے چیمہ میں محفوظ اور قانونی ہجرت پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیاگیا۔
سیشن کا مقصد لوگوں کو بیرونِ ملک ملازمت،تعلیم یا رہائش کی غرض سے ہجرت کے حوالے سے مستند معلومات فراہم کرنے کے علاوہ غیر قانونی ہجرت اور اس سے جڑے خطرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ ایم آرسی کاؤنسلر فرحان محمود کا کہنا تھا کہ اگر ہجرت کا ارادہ ہو تو ہمیشہ قانونی ہجرت کا انتخاب کریں اور اپنے جان و مال کی حفاطت کریں زیادہ تر لوگ ہجرت کا انتخاب بہتر مستقبل کے حصول کیلئے کرتے ہیں اورتحقیق کے مطابق غیرقانونی ہجرت کواپنانے کی بنیادی وجہ مستند معلومات کا فقدان ہے ، زیادہ تر لوگوں کا یہ خیال ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت کے ذریعے اپنے پسندیدہ ملک باآسانی، کم پیسوں میں اور جلد پہنچ جائیں گے جبکہ سچائی اسکے برعکس ہے انہوں نے مزید بتایاکہ بیرونِ ملک ملازمت کی تلاش کے لیے ہمیشہ حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ لائسنس یافتہ ایجنسی یا حکومت کے قائم کردہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن سے رابطہ کریں،ایم آرسی ان آگاہی سیشن کا انعقاد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کررہا ہے تاکہ لوگوں کو قانونی اور محفوظ ہجرت کے بارے میں تمام معلومات مفت فراہم کی جاسکے ۔ شرکاء نے معلومات کو بہت مفید قرار دیا اور ایم آرسی کی کاوششوں کو سراہا۔