قومی ترقی کیلئے خواتین کو با اختیار بنانا ہوگا :ڈاکٹر مشاہد

قومی ترقی کیلئے خواتین کو با اختیار بنانا ہوگا :ڈاکٹر مشاہد

گجرات (نامہ نگار )جامعہ گجرات کی ڈائریکٹوریٹ برائے سٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام‘‘ عالمی یوم دختران’’یعنی لڑکیوں کے عالمی دن کو پُر وقار انداز میں مناتے ہوئے مختلف طلبہ سوسائٹیوں اور انتظامی محکموں کے اشتراک سے کئی تقریبات کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔

 وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور نے تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے پاکستانی قوم کی بیٹیوں کو زیادہ سے زیادہ با اختیار اور باشعور بناتے ہوئے قومی ترقی میں حصہ دار بنانے کا عندیہ دیا۔ جامعہ گجرات کے مختلف شعبوں نے اس موقع پر سیمیناروں، نمائشوں، ورکشاپوں، تقریری و تحریری مقابلہ جات کا انعقاد کرتے ہوئے طالبات کو علم کے سفر میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور نے کہا کہ لڑکیوں کے عالمی دن کو مناتے ہوئے ہم مساوات انسانی کے درس کا اعادہ کر رہے ہیں،اسلام خواتین کے حقوق کے تحفظ کا علمبردار ہے ، ایک متوازن معاشرہ کے قیام کیلئے خواتین کو حقیقی احترام و عزت سے سرفراز کرنے کی اشد ضرورت ہے ،دور حاضر کے پاکستانی معاشرہ میں خواتین کی اعلیٰ سطح پر تعلیم وتربیت کو اولیت حاصل ہے ، خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں، تاریخ کے مختلف ادوار میں خواتین نے علم و عمل کے چراغ روشن کئے ۔ خواتین کو ان کے جائز حقوق سے سرفراز کرتے ہوئے پاکستانی سماج و معاشرہ حقیقی ترقی کر سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں