ڈسکہ:گلی محلوں میں لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے خطرہ
ڈسکہ(نا مہ نگار ) گیپکو عملہ کی نااہلی ڈسکہ شہر کے گلی محلوں اور بازاروں میں لگے بجلی کے کھمبوں پر ننگے تار،قیمتی جانوں کے لیے خطر ہ بن گئے ۔
کم وولٹیج کے با عث گھریلو اشیا خراب ہونے سے لاکھوں کا نقصان ہونے لگا ۔ ڈسکہ شہر کے مختلف گلی محلوں افشاں روڈ ،گلی بھاٹانوالی ،مین بازار ڈسکہ کلاں ،محلہ شاہ شریف ،عوامی روڈ ،محلہ مغل پورہ،سوہاوہ ،محلہ حاجی پورہ و دیگر دیہات ،رنجہائی ، گلوٹیاں ،اوٹھیاں ،جیسروالہ ودیگر علاقہ جات میں لگے ہوئے متعددبجلی کے کھمبوں پر لٹکتے بجلی کے ننگے تاروں سے کسی بھی وقت بہت بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے جس سے بھاری نقصان اور قیمتی انسانی جانوں کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے ۔جبکہ وولٹیج کی کمی بیشی کی وجہ سے گھروں میں اکثر الیکٹرونکس کی اشیاجل جا تی ہیں جس سے شہریوں کو لاکھوں رو پے کا نقصان ہو تا ہے اکثر و بیشتر ان ننگے تاروں میں آگ بھڑک اُٹھتی ہے جس سے قریبی دکانوں اور الیکٹرانکس اشیا کے جلنے کا خطرہ ہوتاہے ۔ مقامی دکانداروں نے متعدد بار گیپکو آفس میں اس حوالے سے شکایت درج کرائی مگر مہینوں گزر گئے لیکن تاحال ان بجلی کے کھمبوں پر ننگے تاروں کودرست نہ کیا جاسکا۔شہریوں نے حکام سے ہنگامی بنیادوں پر فوری نوٹس لیکر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔