ملکوال:وارداتوں کیخلاف شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ
ملکوال(سٹی رپورٹر)سرکل ملکوال کے تھانہ گوجرہ کی حدود میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کیخلاف نین رانجھا میں شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ، ڈی پی او سے ڈاکوؤں اور چوروں کی گرفتاری کا مطالبہ۔
تفصیلات کیمطابق تھانہ گوجرہ کی حدود میں ڈکیتی اور چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کیخلاف نین رانجھا میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کرنے والے قیصر ندیم، اعظم مختار، ظہیر عباس، تصور اقبال اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ دس دنوں میں ڈکیتی اور چوری کی آٹھ وارداتیں ہو چکی ہیں، متاثرہ افراد نے بتایا کہ ان کے ساتھ بھی وارداتیں ہو چکی ہیں لیکن گوجرہ پولیس ابھی کسی بھی ڈاکو اور چور کا سراغ نہیں لگا سکی، مظاہرین نے کہا کہ ڈاکو اور چور اس قدر بے خوف ہو چکے ہیں کہ وہ دن کہ روشنی میں بھی سرعام وارداتیں کرکے فرار ہو جاتے ہیں لیکن گوجرہ پولیس بے بس دکھائی دیتی ہے ۔ مظاہرین نے ڈی پی او منڈی بہائو الدین احمد محی الدین سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں اور چوروں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔