حافظ آ باد :انسداد سموگ کیلئے کوئیک ریسپانس ٹیمیں تشکیل
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبد الرزاق نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں سموگ کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام محکموں کی جانب سے بھر پور اقدامات شروع کر د ئیے گئے ہیں۔۔۔
فصلوں کی باقیات جلانے ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، اینٹوں کے بھٹوں اور ایسی تمام فیکٹریوں اور کارخانوں کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی جو سموگ کا باعث بنیں گی۔ محکمہ زراعت اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے سموگ کی روک تھام اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے کوئیک ریسپانس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ موٹر وے کے قریبی علاقوں میں سموگ کی روک تھام کے لیے محکمہ ریونیو، تحفظ ماحولیات اور زراعت کے افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار سمو گ کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اﷲ، اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد سہیل ریاض، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں ا شفا ق احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات نوید احمد، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ ریاض سمیت ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس، ضلع کونسل اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسر اجلاس میں شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے والے زمینداروں، کاشتکاروں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے تمام ٹیمیں فیلڈ میں رہ کر کام کرینگی اور اگر کسی بھی زمیندار یا کاشتکار نے فصلوں کو آگ لگائی اور اسکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔