عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی ختم کی جائے :بلوچ
وزیرآباد(نامہ نگار)سینئر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 5 آئی پی پیز سے معاہدہ ختم ہونا جماعت اسلامی کے مطالبات پر عملدرآمد کی ایک صورت 18 مزید آئی پی پیز بھی اپنی جعلی کارکردگی کہ وجہ سے جلد بند ہوں گے ۔
وہ اسلامک سینٹر وزیرآباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر ناصر محمود کلیر، مشتاق بٹ،صابر حسین بٹ،جاوید مغل،ندیم صادق تارڑ، ابوبکر ساجد،ضمیر کاظمی ودیگر بھی موجودتھے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسان ملک میں ریڑھ کی ہڈی انہیں مافیا کہنا ان کی توہین ہے مافیا تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے کسان کی کھاد،زرعی ادویات،بجلی اور ڈیزل مہنگے کر کے کسان کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا مافیاز وہ ہیں جنہوں نے اجناس کو ایکسپورٹ کرنے کی پابندی لگائی اور ملک میں وافر اجناس موجود ہونے کے باوجود بیرون ممالک سے اجناس منگوا کر ملک کے کسان کی کمر میں چھرا گھونپا۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوے پی ٹی آئی کو احتجاج موخر کرنا چاہیے جبکہ عمران خان سے ملاقات پر پابندی کا حکومت کو خاتمہ کرنا چاہیے ، سیاسی اختلافات کو ختم کرنے کیلئے قومی سیاسی جمہوری قیادت کو ڈائیلاگ کا دروازہ کھولنا ہوگا ۔