دیہات میں ڈور ٹو ڈور کوڑا اٹھایا جا ئیگا :طارق سبحانی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چودھری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ کی دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی کے نظام کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔۔۔
اور پورے صفائی کے نظام کو آئوٹ سورس کردیا گیا ہے ،اب دیہات سے ڈور ٹو ڈور کوڑے کی کلیکشن کا آغاز آئندہ دو ہفتوں میں شروع کردیا جائے گا ، صفائی اور سینی ٹیشن کی سروسز کے علاو ہ کوڑا کو لفٹ کرکے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ڈمپ کیا جائے گا جس سے دیہات صاف ستھرے ہونگے اور گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں کا بھی تدارک ہوگا۔ یہ بات انہوں نے یوسی سیداں والی کے موضع بال میں ستھرا پنجاب کے تحت بلک ویسٹ کی لفٹنگ اور ڈمپنگ کے عمل اور گاؤں کی نالیوں اور گلیوں کی صفائی کا جائزہ لینے کے بعد اہلیان دیہہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ عمر امجد بیگ ، سی او ضلع کونسل فدا میر، اے ڈی ایل جی محمد جمیل گل کے علاؤہ یوسی سیکرٹری، یوسی کمیٹیز کے اراکین اور معززین علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ طارق سبحانی نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل میں سینٹری ورکرز ، لوڈر رکشے اور ہیوی مشینری د ی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کے 1485 دیہات میں صفائی کا مربوط نظام ہوگا اور ہر گاؤں میں عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹ بھی ہوگا۔