جلالپور جٹاں:بد فعلی کے بعد 14 سالہ لڑکا قتل ،ورثا کا احتجا ج
جلالپور جٹاں،گجرات (نامہ نگار)موضع کاسب میں نوعمر لڑکے کا بے رحمانہ قتل،لواحقین کی جانب سے ٹانڈہ چوک میں ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا گیا۔
تھانہ ٹانڈہ کے موضع کاسب کے رہائشی یاسر علی کا بیٹا 14سالہ رحمن علی مویشیوں کیلئے چارہ لینے گیا جو واپس نہ آیا مبینہ ملزم ہاشم علی نے رحمن علی کے ساتھ بدفعلی کی درندہ صفت ملزم نے رحمن علی کو قتل کرکے لاش کو بوری میں بند کرکے کھیتوں میں پھینک دیا ، مرکزی ملزم ہاشم علی اور اس کے ساتھی ذوالفقار احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔مقتول رحمن علی کے لواحقین نے سیکڑوں اہل دیہہ مرد وخواتین کے ہمراہ جلالپور جٹاں پہنچ کر ٹانڈہ چوک میں ٹائروں کو جلا کر چوک کو چاروں اطراف سے بند کر کے احتجاج کیا، احتجاج کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی سٹی عامر عباس ،سٹی ایس ایچ او سرفرازیوسف اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کے تحفظات اور مطالبات سنے تاہم مسلم لیگ ن کے یوتھ کوآرڈینیٹر علی وڑائچ ،صدر مرکزی انجمن تاجران شفیق مغل اور ڈی ایس پی عامر نے احتجاجی مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے اور انکے تحفظات دور کرنے ، مطالبات مانتے ہوئے ملزموں کو قرار واقعی سزا اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، یوں 4گھنٹے سے جاری احتجاج علی وڑائچ کی یقین دہانی پر ختم ہو گیا اور احتجاجی مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔