ملکوال:سکولوں کی نجکاری ،تعلیمی پا لیسی کیخلاف اساتذہ کا احتجاج
ملکوال(سٹی رپورٹر) ملکوال میں سینکڑوں اساتذہ سکولوں کی نجکاری اور پنجاب حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔
اساتذہ کی گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی، اساتذہ تحریک کی حمایت پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ گرینڈ ٹیچرز الائنس کی اپیل پر ملکوال تحصیل کے سکولوں میں چودھویں روز بھی تعلیمی اور اینٹی ڈینگی ایکٹیویٹیز اور ڈاک کا بائیکاٹ جاری ہے ۔ تحصیل بھر کے سکولوں کے سینکڑوں اساتذہ نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ریلوے کالونی ملکوال سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ ریلی میں تحصیل بھر سے آئے سینکڑوں مردوخواتین اساتذہ نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت پی ٹی یو کے رہنماؤں راجہ ذوالفقار علی، مدثر بخاری، جہانگیر سپرا، عمر گوندل ، ملک اکرام، حامد گوندل، اختر شاہین، میڈم نسیم محمود، میڈم زبیر انور نے کی۔ مظاہرین نے لیو انکیشمنٹ، پنشن رولز میں تبدیلی اور سکولوں کی نجکاری کی حکومتی پالیسیوں کیخلاف نعرے بازی کی ۔ اساتذہ رہنماؤں نے صدر پاکستان آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ وہ سکولوں کی نجکاری اور ٹیچرز دشمن پالیسیوں پر آواز اٹھائیں اور پنجاب حکومت کو مجبور کریں کہ وہ تعلیم دشمن پالیسی ختم کریں۔