حافظ آباد:مالی مدد کیلئے معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے رجسٹرڈ معذور افراد میں ہمت کارڈ کی تقسیم عوام دوستی اورغریب پرور مثالی پروگرا م ہے ۔
اس پروگرام کے تحت ضلع بھر کے 725رجسٹرڈ افراد میں ہمت کارڈ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔ رجسٹرڈ معذور افراد کو ہمت کارڈ کے ذریعے 10ہزار 500روپے سہ ماہی مالی امداد مل سکے گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آمنہ افضل ، سوشل ویلفیئر آفیسر و فوکل پرسن مائدہ اشتیاق بھی اس موقع پر موجو د تھی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے رجسٹرڈ معذو ر افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کر نے کیلئے قائم کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں ہمت کارڈ کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے معذور افراد کی مالی امداد کا پروگرام ایک انقلابی اور فلاحی پروگرام ہے جس سے ان معذور افراد کی احسن انداز میں مالی امداد کی جار ہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسروں کو ہدایت کی کہ ہمت کارڈ کی تقسیم میرٹ اور شفاف طریقہ سے ہو نی چاہیے ۔