ہمت کارڈ پر خصوصی افراد کو مفت سفری سہولت دینے کافیصلہ
گوجرانوالہ،لاہور (سٹاف رپورٹر سے )وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کا خصوصی افراد کیلئے ایک اور تحفہ ، محکمہ سوشل ویلفیئر بیت المال کی جانب سے جاری کردہ ہمت کارڈ پر خصوصی افراد کو مفت سفری سہولت ملے گی۔۔۔
ہمت کارڈ کے تحت پنجاب بھر میں اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس میں فری سفر کیا جا سکے گا، انارکلی اورنج لائن سٹیشن پر خصوصی تقریب وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ شریک ہوئے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افرادکی سفری پریشانیوں کو کم کرنے کیلئے اقدام اٹھایا ہے ، ہمت کارڈ ہولڈرز ہفتے کے 7 دن سہولت سے مستفید ہوں گے ، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے کہا خصوصی افراد کے لئے ہمت کارڈ کے بعد اور سہولت مہیا کی ہے ،وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا، پنجاب ماس ٹرانزٹ حکام کے مطابق سفر کے لئے سنٹرلائزڈ کارڈ جاری کیا جائے گا ، نئے کارڈ کے اجرا تک ہمت کارڈ ہولڈرز مفت ٹوکن سے سفر کر سکیں گے ۔