حافظ آباد:بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی بھٹہ مسمار،1 لاکھ جرمانہ
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دُنیا )حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے سموگ کا باعث اور دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف سخت کاروائیاں شروع کر دی گئیں ۔
اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد سہیل ریاض ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات عبد الرؤف کی نگرانی میں کسوکی روڈ پر بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی ، دھواں چھوڑنے والے ایک بھٹے کو مسمار کر دیا گیا جبکہ جلالپور روڈ پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر بھٹہ مالک کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ۔ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ محکمہ تحفظ ماحولیات ، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے کاروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے ۔ زمینداروں ، کاشتکاروں بھٹہ مالکان اور ٹرانسپورٹر زمیں سمو گ اور دھواں کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر اورمحکمہ تحفظ ماحولیات کی ٹیم نے کسوکی روڈ کا دورہ کیا جہاں بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی ایک بھٹے پر اینٹیں بنانے کا سلسلہ جاری تھا اور وہاں سے زہریلا دھواں بھی نکل رہا تھا، جس پر متعلقہ بھٹے کو مسمار کر دیا گیا ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات عبد الرؤ ف کاکہنا ہے کہ کسی بھی بھٹہ مالک کو ایس او پیز اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر بھٹے چلانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔