سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کل ذمہ داری سنبھالے گی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چودھری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 1 ہزار 4 سو 85 دیہات میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت باقاعدگی سے صفائی کی جارہی ہے۔۔۔
ستھرا پنجاب کا فیز فائیو کامیابی سے جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 45 ہزار 476 صفائی، ویسٹ لفٹنگ اور ڈمپنگ کی ویری فائی ایکٹیویٹی پرفارم کی جاچکی ہیں۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کے ہمراہ ضلع سیالکوٹ میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایس ڈبلیو ایم سی کی زیر نگرانی ضلع سیالکوٹ کی 119 دیہی یونین کونسل میں ستھرا پنجاب کا پانچواں فیز میں داخل ہوچکا ہے جہاں پر 357 سینٹری ورکرز اور 119 لوڈر رکشہ جات کیساتھ صفائی جاری ہے اور ہر گاؤں میں عارضی سالڈ ویسٹ کلیکشن پوائنٹ پر کوڑا جمع کیا جارہا ہے جہاں سے مشینری کے ساتھ لینڈ فل سائٹ پر منتقل کردیا جاتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کا فیز فائیو 12 نومبر رات 12 بجے مکمل ہو جائیگا جس کے بعد 13 نومبر میں سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں صفائی کی ذمہ داریاں سنبھال لے گی۔ طارق سبحانی نے ایس ڈبلیو ایم سی کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ 13 نومبر کو ہر صورت ورک فورس کے ہمراہ فیلڈ میں آپریشن کا آغاز کریں گے اور صفائی کے مربوط اور جامع نظام کو سائنسی بنیاد پر آگے بڑھائیں گے ۔