تحفظِ خوراک پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر سیمینار

 تحفظِ خوراک پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر سیمینار

گجرات(سٹی رپورٹر ) جامعہ گجرات کے شعبہ جغرافیہ کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار‘‘تحفظِ خوراک پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات’’ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔

معروف ماحولیاتی محقق اور دنیا بھر میں فلاحی، رفاحی وطبی تنظیموں کے رُوح رواں ڈاکٹر عبدالرشید گیٹ ریڈ نے سیمینار میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے طلبہ و اساتذہ کو کرئہ ارض کی موجودہ ماحولیاتی و موسمیاتی صورت حال کے تناظر میں خوراک کی پیداوار و تحفظ کے لیے درکار اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کی۔ مہمانان اعزاز میں گجرات کی معروف سماجی شخصیت چیئرپرسن کلیفٹ ولپ ایسوسی ایشن ڈاکٹر اعجاز بشیر، مختلف شعبہ جات کے صدور و چیئر پرسن، اساتذہ و طلبہ شامل تھے ۔ ڈاکٹر عبدالرشید گیٹ ریڈ نے کہا کہ خوراک انسانی زندگی کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

موسمیاتی تبدیلیاں خوراک کے معیار و مقدار پر معکوس اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی تمام کرئہ ارض کو بُری طرح متاثر کر رہی ہے ۔ انسان کرئہ ارض کا نگہبان ہے مگر اپنی ذمہ داریاں خاطر خواہ طریقہ سے پوری کرنے سے قاصر ہے ۔ انسان بذاتِ خود فطرت کاحصہ ہے ۔ مظاہر فطرت کرئہ ارض پر زندگی کو برقرار رکھنے والے عوامل ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی فصلوں کی پیداوار کو متاثر کرتی ہے ۔ ایکو سسٹم کے توازن کو قائم رکھتے ہوئے انسانی زندگی کی بقا وپائیداری ممکن ہے ۔ آلودگی بیماریوں کی شرح کو بڑھاتی ہے ۔ کرئہ ارض کا درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشئر تیزی سے پگھلتے ہوئے سیلابوں کاباعث بن رہے ہیں۔ درخت آلودگی کو ختم کرنے کا مؤثرذریعہ ہیں۔ دنیا بھر میں خوراک کے کافی ذخائر ہیں مگر خوراک کی تقسیم کا نظام انتہائی ناقص ہے ۔ بے ہنگم انداز میں بڑھتی ہوئی آبادی بھی خوراک کی کمی کا باعث ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلی گلوبل وارمنگ کا نتیجہ ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں