سیالکوٹ :ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ دنیا) اراکین صوبائی اسمبلی منشا اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام کا شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پراگرس اور میونسپل سروسز کے معیار کا جائزہ۔۔۔
تفصیلات کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اﷲ بٹ نے اپنے رابطہ آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی لاگت سے شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے اور معیار کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کہ پنجاب انٹرسٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پیسپ) کے تحت شہر میں سیوریج کا جامع منصوبہ جاری ہے جس کا 70 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے اور 31 دسمبر تک گوہد پور روڈ پر کنڈو نس ڈال کر راستہ کی بحالی کردی جائے گی۔ انہوں نے اجلاس میں شریک سٹی منیجر پیسپ علی خان کو ہدایت کی کہ سیور لائن ڈالنے کے بعد روڈ کی بحالی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سبلائم چوک وزیر آباد روڈ پر سیوریج کے مسئلہ کے مستقل حل اور سبلائم چوک ہیڈ مرالہ روڈ پر کی نالہ بھید پلی تک بحالی کے کام کو بھی ٹیک ا پ کیا جائے ۔