قتل اور ڈکیتی کے 6خطرناک اشتہاری یو اے ای سے گرفتار
گوجرانوالہ ،گجرات (نیوز رپورٹر،نامہ نگار ، سٹی رپورٹر)ایف آئی اے این سی بی انٹرپول کی بڑی کار روائی، قتل، اقدام قتل و ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب 6 خطرناک اشتہاری ملزم یو اے ای سے گرفتار کر لئے ،ملزموں کو لاہور ائیرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔
گرفتار ملزموں میں بابر وسیم، تاج رسول ، عبد الحسیب خان، قیصر محمود ، ندیم افضل اور محمد ذیشان شامل ہیں ۔ملزم بابر وسیم اور ملزم عبد الحسیب سال 2022 سے جبکہ قیصر صادق سال 2014 سے گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھے ، بابر وسیم کے خلاف تھانہ کینٹ ،عبدالحسیب کے خلاف تھانہ سول لائنز جبکہ ملزم قیصر محمود کے خلاف تھانہ کامونگے گجرانوالہ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ملزم ندیم افضل تھانہ کنجاہ، گجرات کو سال 2021 سے مطلوب تھا ۔ملزم قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب تھے ۔ملزم تاج رسول کے خلاف سال 2021 میں تھانہ جامپور ضلع راجن پور میں مقدمہ درج ہوا تھاجبکہ ملزم ذیشان کے خلاف سال 2014 سے تھانہ دہلی گیٹ ملتان میں قتل کا مقدمہ درج تھاملزم قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے ۔ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزموں کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسز جاری کئے تھے ۔ملزموں کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔