کمرشل روڈز پر سینکڑوں غیر قانونی عمارتیں:خزانے کو کروڑوں کا نقصان
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے بلڈنگ انسپکٹرزاور پرائیویٹ اہلکاروں کی ملی بھگت سے 70سے زائد اہم کمرشل روڈز پر غیر قانونی سینکڑوں کمرشل عمارتوں کی تعمیر ہوگئی اور کروڑوں روپے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹروں نے درجنوں پرائیویٹ اہلکاروں کو کمرشل شاہرات پر تعینات کردیا جس سے کارپوریشن کی پلاننگ برانچ میں کرپشن بڑھ گئی ،پرائیویٹ افراد جعلسازی کے ذریعے سرکاری خزانے کوکرو ڑوں روپے کانقصان پہنچا کر ذاتی جیبیں بھرنے میں مصروف ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن پلاننگ برانچ میں جن اہلکاروں کے آرڈزنہیں وہ بھی پلاننگ برانچ کی ملی بھگت سے پرائیویٹ مافیاکیساتھ مل کر سرکاری خزانے کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں سینکڑوں ایسی بلڈنگزہیں جن کے نقشہ جات کم رقبہ کی فیسس جمع کرکے سب اچھاکی رپورٹس کردی گئیں، نواب چوک، علی چوک ،عالم چوک ،سیٹلائٹ ٹائون ، پیپلزکالونی ،وحدت کالونی ،وحدت روڈ ،سیالکوٹ روڈ، سوئی گیس روڈ ، ٹائل مارکیٹ ،اروپ موڑ،کشمیر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں سینکڑوں کمرشل بلڈنگز بغیر نقشہ منظوری تعمیرکرائی جارہی ہیں، اسکے علاوہ لاتعداد بلڈنگز کاموقع پررقبہ زیادہ ہے جبکہ کمرشلائزیشن فیس کم رقبہ کی جمع کرکے سرکاری خزانے کوسالانہ اربوں روپے کانقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ سے بطور ایڈمنسٹریٹر کارپوریشن معاملے کا نو ٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔