گیپکو ،آن لائن کچہری ، مسائل کے حل کی یقین دہانی
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو ہیڈ کوارٹر میں آن لائن کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ آن لائن کچہری کے دوران چیف انجینئر آپریشن امتیاز احمد چیمہ نے۔
فیس بُک پر براہ راست صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات سُنیں اور اُن کے حل کے لئے موقع پرمتعلقہ افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔اس موقع پر صارفین سے بات چیت کرتے ہوئے چیف انجینئرآپریشن نے کہا کہ گیپکوانتظامیہ اپنے صارفین کی خدمت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور اس مقصد کے لیے جدید طریقوں کو اپنانے کے لیے پُرعزم ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صارفین کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنا کمپنی کی اہم ذمہ داری ہے ، اور یہ آن لائن کچہری اس سلسلے میں ایک مؤثر ذریعہ ہے ۔آن لائن کچہری کے دوران صارفین نے بلنگ مسائل، تکنیکی خرابیاں، اور دیگر خدمات سے متعلق اپنے مسائل پیش کیے چیف انجینئر آپریشن نے ان مسائل کو توجہ سے سنا اور ہر ممکنہ حل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات نہ صرف حل کی جائیں گی بلکہ ان کی تجاویز کو بھی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔آن لائن کچہری کے دوران منیجر ایچ ایس ای اکبر علی نے صارفین کو پبلک سیفٹی کے حوالے سے خاطر خواہ تجاویز دیں، انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا نعم البدل کچھ نہیں ہو سکتا لہذا اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور محکمہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔