رشوت خوری پر سینئر آڈیٹر اکاؤنٹنٹ ،کلرک سمیت 3 ملازم گرفتار
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن نے گریڈ 17 کے سینئر آڈیٹر اکاؤنٹنٹ اور محکمہ ایجوکیشن کے کلرک سمیت 3 ملازمین کو گرفتار کر لیا۔۔۔
کراروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گوجرانوالہ امجد شہزاد کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی، بتایا گیا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نارووال اختر چیمہ کی ہدایت کے مطابق سرکل آفیسر نارووال رانا مبشر نے 2خواتین کو محکمہ ایجوکیشن میں بھرتی کرانے کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ روپے ہتھیانے والے سینئر آڈیٹر اکاؤنٹنٹ اور جعلی ڈگری پر محکمہ ایجوکیشن میں بھرتی ہونے والی خاتون ٹیچر نادیہ ضیا کے ساتھ ملی بھگت کر کے خزانہ سرکار سے تنخواہ و دیگر مراعات کی مد میں 16 لاکھ 70 ہزار سے زائد رقم خرد برد کرنے والے جونیئر کلرک شہباز احمد اور جعلی اسلحہ لائسنس تیار کرنے والے نائب قاصد تنویر احمد کو گرفتار کر لیا ،ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد کے مطابق جن ملزموں کو گرفتار کیا گیا ان کے خلاف الگ الگ مقدمات کا اندراج کیا گیا تھا۔