حکومت بھارت کی طرز پر سہولیات فراہم کرے :کسان بورڈ

حکومت بھارت کی طرز پر سہولیات فراہم کرے :کسان بورڈ

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)گندم کی امدادی قیمت کا فوری طور پر اعلان کر کے کسانوں اور کاشت کاروں کو بے یقینی کی فضا سے نکال کر تحفظ فراہم کیا جائے ۔

آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے شکنجے سے ملک کو نکالنے کے لئے زراعت کے شعبے کو درپیش مسائل اور مشکلات کو دور کر کے اسے ترقی دینے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین خان نے جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع امتیاز احمد بریار ،کسان بورڈ کے ڈویژنل صدر محمد ظفر اﷲ، محمد اختر میو صوبائی رہنما کسان بورڈ، عصمت اﷲ وریاہ ضلعی صدر کسان بورڈ، حافظ شہباز کھوکھر سیکرٹری کسان بورڈ، شیخ عتیق الرحمن قیم ضلع و دیگر کسان رہنما بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرح ہماری حکومت کو بھی کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کماد کے معاملے میں کسانوں کا استحصال جاری ہے اور ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس کی قیمت کا واضح تعین کیا جائے ،ہم اس معاملے میں ہائی کورٹ رٹ کر چکے ہیں مگر بدقسمتی سے جج حضرات بھی انصاف نہیں کر رہے ۔انہوں نے پچھلی گندم کی فصل کی خریداری نہ کرنے پر حکومت پنجاب پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اس سے کسانوں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں