ٹماٹر ، ادرک ، لہسن ، پیاز کی قیمت میں مزید اضافہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں ٹماٹر کی قیمت کو پر لگ گئے ، ٹماٹر 300روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں جبکہ دیگر سبزیوں جن میں ادرک ،لہسن ،پیاز اور مٹر کی قیمتوں میں اضافہ سے بھی شہری پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سبزیوں کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے ۔ ضلع بھر میں100سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات ہیں لیکن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں نے غریب اور سفید پوش افراد کے ہوش اڑائے ہوئے ہیں۔ ٹماٹر 150روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا جو کہ اب 300روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔جبکہ ادرک 600روپے کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ، لہسن600روپے سے بڑھ کر 700روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے ۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 100روپے اضافہ نے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کا قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں جس کی وجہ سے آئے روز سبزیوں کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں ،ہر دکاندار نے اپنا اپنا ریٹ مقرر کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانی ہے ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ انہوں نے نہیں کیا منڈی سے ہی سبزیاں مہنگی مل رہی ہیں ،سبزی فروشوں نے آئندہ دنوں میں دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کا عندیہ دیا ہے ۔