قلعہ دیدار سنگھ:مر غی کا گوشت 800 روپے تک فروخت
قلعہ دیدار سنگھ(نامہ نگار )قلعہ دیدار سنگھ میں مرغی مافیا نے ایک بار پھر قیمتو ں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا،دکانداروں نے شادیوں کے سیزن کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مرضی کے ریٹ پر چکن کی فروخت شروع کر دی، انتظامی افسر گرم ہیڑ لگا کر دفاتر تک محدود ہوگئے ۔
قلعہ دیدار سنگھ اور گرد ونواح بینک چوک بوتالہ روڈ، مین بازار نزد میونسپل کمیٹی کے علاقوں میں چکن کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا ،چند روز قبل 450 روپے فی کلو میں فرخت ہونے والا چکن 700 سے 800 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے ، دکانداروں نے مرضی کے ریٹ پر چکن کے گوشت کی فروخت شروع کررکھی ہے جبکہ قیمت پوری وصول کرتے ہوئے گوشت 1000 گرام کے بجائے ساڑھے 7 سو گرام دیا جاتا ہے بلکہ زیادہ گوشت خریدنے والے گاہکوں کو تول بھی کم دیا جاتا ہے ،چکن فروشوں کا کہنا ہے کہ گوشت ڈیلر سے ریٹ لسٹ سے 15 روپے زیادہ لے کر سستے داموں فروخت نہیں کرسکتے اور اگر ہزار گرام گوشت گاہک کو دیں تو ہم کہاں سے نقصان پورا کریں۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ لیبر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ قیمتوں کو مانیٹر کرنے کے بجائے دفاتر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، مرغی فروش پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے من مرضی کے نرخوں پر گوشت فروخت کرکے تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے خود ساختہ مہنگائی کرنے والے مرغی فروشوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے ۔