پی پی میں شمولیت کیلئے سیاستدانوں کی قطاریں لگی ہیں :گورنر
گکھڑ منڈی (نامہ نگار )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں کے حقوق کے حصول کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے پیپلز پارٹی کے کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں۔
پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی بہت مضبوط ہو گی ۔ سابق وفاقی وزیر امتیاز صفدر وڑائچ کی قیادت میں چیئرمین فرینڈز گروپ شازب سردار چیمہ ممبر فرینڈز گروپ شہباز احمد چیمہ سابق کونسلر میونسپل کمیٹی گکھڑ امانت علی چیمہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں سلیم حیدر کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ سیاسی امور پر گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور ورکروں کے حقوق کا تحفظ کرنا جانتے ہیں ، پیپلز پارٹی کے مایوس ورکروں کو متحرک کرکے پارٹی کو مضبوط بنائیں گے ، پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لئے بڑے بڑے سیاستدانوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں آنے والے دنوں میں لوگوں کو یہ نظر آنا شروع ہو جائے گا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور کارکنوں کے لئے جنگ لڑی ہے بلاول بھٹو عوام کے دلوں کی آواز بن چکے ہیں آئندہ وہ ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے ۔