حافظ آ باد پو لیس میں کالی بھیڑوں کیخلاف کاررو ائی

حافظ آ باد پو لیس میں کالی بھیڑوں کیخلاف کاررو ائی

پنڈی بھٹیاں ( نامہ نگار )حافظ آباد میں نئے ڈی پی او عاطف نذیر کے چارج سنبھالنے کے چند روز بعد ہی محکمہ پولیس میں واضح تبدیلیاں نظر آنا شروع ہوگئیں ،عوام کی پولیس کے خلاف شکایات کم اور اعتماد بڑھنے لگا ۔۔

ضلع کے عوام کو ایسا ضلعی سربراہ عرصہ دراز بعد ملا ہے ،ان کی پالیسوں سے چند روز میں ہی تھانہ کلچر میں واضح تبدیلی نظر آنا شروع ہو گئی ہے ،ضلع کے تھانے عقوبت خانے بنے ہوئے تھے اور ٹائوٹ مافیا چھایا ہواتھا ، کوئی بھی شریف شہری تھانوں میں جانے سے گھبراتا تھا کیونکہ پولیس اہلکار ان ٹائوٹوں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنا کر ان کی نہ صرف جیبیں صاف کرتے تھے بلکہ جعلی کارروائیوں کے ذریعے کارکردگی بھی بڑھاتے تھے ،جعلی پولیس مقابلوں میں خود کو زخمی کر کے بعض ایس ایچ اوز نے کارکر دگی ظاہر کی تھی لیکن ڈی پی او عاطف نزیر کی تعیناتی سے یہ سلسلہ تھم چکا ہے ، حکومتی ہدایات پر ڈی پی او کی کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوام کو انصاف مل رہا ہے ۔ڈی پی او نے محکمہ میں خود احتسابی کا عمل بھی شروع کردیا ہے اور جزا اورسزا کے عمل سے متعدد پولیس اہلکاروں کو سزا دیکر ان کا قبلہ درست کرنا شروع کردیا اور کئی کالی بھیڑوں کو نوکری سے برخاست کر دیا ۔گزشتہ روز بھی ایک ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹا کر پولیس لائن بھجوا دیا ، ضلع کے عوام تو ڈی پی او کی میرٹ پالیسیوں پر مطمئن ہیں لیکن سیاستدانوں کو شاید جی حضوری والا کلچر نہ مل سکے ۔ ڈی پی او کی آمد سے قبل پولیس اہلکار ٹریفک کا نظام درست کرنے کے بجائے سڑکوں پر ٹریفک چیکنگ کی آڑ میں مبینہ طور پر مال پانی جمع کرتے تھے جو اب نظر نہیں آ رہے تاہم ان کی جگہ اب پٹرولنگ پولیس اہلکاروں نے لے لی ہے اور دن رات چیکنگ کی آڑ میں جگہ جگہ ناکے لگا کر مبینہ طور پر لوٹ مار کر رہے ہیں جس سے شہری پر یشان ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں