ہیموفیلیا کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی واک،سیمینار
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ہیموفیلیا کے عالمی دن کی مناسبت سے سندس فاؤنڈیشن گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب کا مقصد ہیموفیلیا کے مرض سے متعلق شعور بیدار کرنا اور مریضوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی تھے جنہوں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ سندس فاؤنڈیشن وہ چراغ ہے جو ہیموفیلیا کے اندھیروں میں امید، محبت اور زندگی کی روشنی بانٹ رہا ہے ۔ یہ ادارہ صرف علاج نہیں دعائیں اور مسکراہٹیں دیتا ہے ۔ دیگر معزز مہمانوں میں کے پرنسپل محمد ساجد جمال خان، معروف ماہر تعلیم پروفیسر تحریم اور کوتھم کالج گوجرانوالہ سے مسز منیب شقیب شامل تھیں، جنہوں نے نہ صرف شرکت کی بلکہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے اس اقدام کو سراہا۔سیمینار سے ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن سرفراز خان نے بھی خطاب کیا اور فاؤنڈیشن کی خدمات کو مزید بہتر طریقے سے بنانے اور عوام کی خدمت کا اعادہ کیا۔اس موقع پر طلباء، اساتذہ، اور دیگر شرکاء کے ہمراہ آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ واک کا مقصد ہیموفیلیا جیسے خاموش مگر سنگین مرض کے بارے میں معاشرے کو آگاہ کرنا اور مریضوں کی مدد کے لیے یکجہتی کا اظہار تھا۔