حکومت سیاسی انارکی کو ہوا دے رہی :عمر فاروق ڈار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا، ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی، حکومت سیاسی انارکی کو ہوا دے رہی ہے ۔
ملک کوموجودہ ابتر حالات تک پہنچانے والے وہی ہیں جو ملکی وسائل اور عوام کو اپنے تابع رکھنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا ظہار انہوں نے جعلی حکومت کی جانب سے قائم جھوٹے مقدمات میں عدالت پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق مشیر وزیراعظم عثمان ڈار، عامر ڈار، سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری محمد الطاف کے علاوہ کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ عمر ڈار نے مزید کہا کہ ملکی معیشت ناقابلِ اصلاح ہوتی جا رہی ہے جس کی بنیادی وجہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی اور غیر مؤثر پالیسیاں ہیں ۔ اقتدار پر مسلط ٹولے نے ملکی خود انحصاری کو فروغ دینے کی بجائے قرضوں میں مزید اضافہ کیا ہے ۔ انہیں ملک و قوم کی کوئی پرواہ نہیں ۔ پی ٹی آئی کی جمہوری جدوجہد کا راستہ روکنے کی خاطر جاری انتقامی سیاسی کارروائیوں کا ازالہ ضروری ہے جس کیلئے اعلیٰ عدلیہ کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ ہم آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے داعی ہیں۔