ڈائیلسز کارڈ سے مریضوں کو آ سانی ہو گی :صوبائی وزیر صحت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ،ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر معیز منصور، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر ارشاد اللہ اور دیگر ہمراہ تھے ۔
صوبائی وزیر نے ہسپتال میں قائم الشفا ڈائیلسز کمپلیکس گوجرانوالہ کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈائیلسز پروگرام کے تحت مریضوں کو ڈائیلسز کارڈ بھی جاری کر د ئیے گئے ہیں،ڈائیلسز کارڈ کارڈ کا اجرا صحت کے شعبے میں ایک نئی ابتدا ہے ، حکومت کے اس اقدام سے ڈائیلسز کے مریضوں کو درکار سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔وزیر صحت نے ہسپتال میں دی جانے والی سہولیات کو سراہا۔وزیر صحت نے کہا کہ جس طرح ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ میں مستحق مریضوں کو خلوصِ دل سے علاج معالجے کے حوالے سے درکار سہولیات فراہم کی جاتی ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ پورے پنجاب کے ہسپتالوں میں اس طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے ہسپتال کے دورہ کے دوران طبی تشخیصی، ویکسینیشن اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا،خصوصاً مریضوں کیساتھ طبی عملے کے رویے کے بارے بھی استفسار کیا۔