علی پور چٹھہ :سیوریج ڈھکن تنصیب کے 2دن بعد ٹوٹ گئے

علی پورچٹھہ(تحصیل رپور ٹر)علی پور چٹھہ میں سیوریج ڈھکن تنصیب کے دو دن بعد ٹوٹ گئے ، ناقص میٹریل کے استعمال پر بلدیہ حکام نے خاموشی اختیار کر لی ۔
چند روز قبل بلدیہ علی پورچٹھہ کی مبینہ ملی بھگت سے شہر میں سیوریج کے مین ہول ڈھکن کے انتہائی ناقص میٹریل سپلائی بارے روزنامہ دنیا میں اشاعت ہوئی جس پر ڈھکن کی تنصیب اور مرمت کی گئی جو ناقص میٹریل و بدعنوانی کی قلعی کھولتے ہوئے دو دن بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ کی عدم دلچسپی سے سرکاری خزانے کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے ،منچر روڈ جو شہر کے وسط میں واقع ہے جہاں پر کھلے سیوریج کے ہول ڈھکن کے بغیر شہریوں ، مسافروں اور راہگیروں کی زندگیاں خطرات میں ڈالے ہوئے سر عام موت کو دعوت دے رہے ہیں۔ بند سیوریج سسٹم غیر فعال ہونے سے گندا پانی سڑک پر شہریوں کیلئے وبال جان بنا ہوا ہے ۔بلدیہ عملہ پر اسرار خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ شہریوں نے سیکرٹری بلدیات ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ پر زور دیا ہے کہ صورت حال کی بہتری کیلئے فوری احکامات جاری کئے جائیں۔
اور انکوائری کمیٹی تشکیل دیکر ذمہ داروں کیخلاف تادیبی کارروائی کی جائے ۔