علما ، تاجروں ، وکلاکا 26اپریل کو شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)مرکزی جامع مسجد شیرانوالہ باغ میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام ،تاجر تنظیمات اور وکلا برادری کا مشترکہ اجلاس ہوا۔۔۔
جس میں متفقہ طور پر یکجہتی فلسطین کیلئے 26 اپریل کو گوجرانوالہ میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کردیا گیا ، اجلاس بزرگ عالم دین مولانا خالد حسن مجددی کی صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں مہمان خصوصی علامہ زاہد الراشدی نے خطاب میں کہا کہ قومی سطح پر منظم ہڑتال کی کال امت مسلمہ کے سوئے ہوئے حکمرانوں کو مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بیدار کرنے کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہو گی، ہمیں اپنی وحدت کو قائم رکھتے ہوئے اسرائیلی جارحیت اور ٹرمپ حکومت کی سرپرستی اور حمایت میں غزہ میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف صدائے احتجاج جاری رکھنا ہوگی، اس سلسلے میں پوری قوم، تمام مکاتب فکر کے قائدین اور مختلف طبقات کے نمائندگان کا ایک پیج پر ہونا خوش آئند ہے ،26 اپریل کی شٹر ڈائون ہڑتال کے حوالے سے چیمبر آف کامرس گوجرانوالہ،ڈسٹرکٹ بار کونسل گوجرانوالہ نے بھی مکمل طور پر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے ،اجلاس میں تاجررہنما شیخ بابر کھرانہ،شیخ افضل جج، میاں فضل الرحمن ، وحید الحق ہاشمی ایڈووکیٹ ، بابر رضوان باجوہ ،فرقان عزیز بٹ ،مولانا امجد محمود معاویہ و دیگر نے شرکت کی ۔