گوجرانوالہ بورڈ :امتحانات مانیٹرنگ سسٹم کی ایپ متعارف
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کے امتحانی نظام کو مزید مؤثر، محفوظ اور شفاف بنانے کیلئے کمشنر/چیئرمین بورڈ سید نوید حیدر شیرازی کی ہدایات پر کمپیوٹر سیکشن کے پروگرامرز نے امتحانات مانیٹرنگ سسٹم کے عنوان سے ایک موبائل ایپ متعارف کرا دی۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد احتشام جان بٹ نے اس موبائل ایپ کے متعلق کمشنر گوجرانوالہ کو تفصیل سے بریفنگ دی اور اس کے اہم فیچرز سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ تمام موبائل انسپکٹرز، ریذیڈنٹ انسپکٹرز، ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز اور انسپکشن آفیسرز امتحانی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے اس موبائل ایپ کے ذریعے سنٹر پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں فوری طور پر آن لائن رپورٹ دفتر کو ارسال کریں گے ۔ اس ایپ کے ذریعے بھیجی جانے والی تمام رپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے بورڈ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، جو تمام معاملات کی نگرانی کرکے اپنی رپورٹ کنٹرولر امتحانات کو پیش کریگا۔اسکے علاوہ، ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹر اور انسپکشن آفیسر امتحانی پرچوں کے لفافوں پر درج بارکوڈ کو موبائل ایپ کے ذریعے الگ الگ سکین کرینگے تاکہ مکمل تصدیق کے بعد وہ یہ لفافے سنٹر سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کر سکیں۔ سپرنٹنڈنٹ یہ لفافے ریذیڈنٹ انسپکٹر کے پاس لے کر جائے گا، جہاں انہیں دوبارہ سکین کیا جائے گا۔