سیالکوٹ :تحریک انصاف کی ‘‘عظیم فتح یوم پاکستان ’’ریلی

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت میں گھس کرمنہ تو ڑ جواب دیا جس پر قوم پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ،بھارت کا پاکستانی نہتے شہریوں پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے جس کا بدلہ چکانے کا پاکستان کو مکمل حق حاصل تھا جسے استعمال کیا گیا بھارت نے تین پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنایاجس پر بنیان المرصوص آپریشن میں پاکستان نے بھارتی فوجی اثاثوں کی دھجیاں اڑا دیں۔پی ٹی آئی کے سٹی صدر میاں اعجاز جاوید نے کہا کہ افواج پاکستان بھارت کو سبق سکھانے کیلئے بھرپور جواب وارکرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے جس کے خوف سے بھارتیوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ ‘‘عظیم فتح یوم پاکستان ’’ریلی میں ٹکٹ ہولڈر روبا عمر ڈار، مہر محمد کاشف ،آفتاب خان، سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری چودھری محمد الطاف کے علاوہ کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ روبا عمر ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت اور طاقت رکھتا ہے پاکستان کی 24 کروڑ عوام اپنی فوج کی پشت پر کھڑی ہے اور وطن عزیز کی سلامتی پر ہرگز آنچ نہیں آنے دے گی ، دشمن کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑے گی۔ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکن ملکی سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے جذبہ سے سرشار اور بھارتی جارحیت کا کڑا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ،حکومت کو عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا چاہیے ،ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عمران خان کو فوری رہا کیا جائے کیونکہ وہی موجودہ حالات میں پاکستان کو بہترین انداز میں لیڈ کر سکتے ہیں۔