طلبہ کیلئے تعلیم کیساتھ جدید سکلز سیکھنا ضروری :سائرہ افضل

حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کوارڈ نیٹر سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ جدید سکلز بھی سیکھنا ضروری ہیں ۔۔
کیونکہ آنے والے وقتوں اور ترقیاتی یافتہ ممالک و اقوام سے مقابلہ کرنے کے لیے ہر پاکستانی کو ہنر مند ہونا ضروری ہو گا ۔نوجوانوں کو ڈگریاں حاصل کر کے سرکاری نوکریوں کی تلاش میں پھرنے سے بہتر ہے کہ وہ وقت ضائع کیے بغیر دور حاضر کی سکلز کی ٹریننگ حاصل کریں تاکہ وہ باعزت طریقہ سے کسی بھی جگہ اپنا روزگار کما سکیں ،پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں اب اگر کسی چیز کی ضرورت ہے تو سکلز پرسنز کی اس لیے ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند بھی بنانا ہے تاکہ وہ کسی بھی ملک میں اپنے ہنر،صلاحیتوں اور قابلیت کے بل بوتے پر روزگار کمانے کے قابل بن سکیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کالج آف انٹر نیشنل سکلز ڈویلپمنٹ کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پنجاب کے سینئر بیوروکریٹ ،سابق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ اور ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے بھی خطاب کیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین،اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں جواد حسین ملک،سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف سمیت طلبا و طالبات اور معززین کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ آج اگر دنیا میں کسی چیز کی مانگ ہے تو وہ صرف ہنر/سکلز ہے اور ویسے بھی ہنر مند افراد کبھی بیروزگار نہیں ہو سکتے ۔ سابق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ کا کہنا تھا کہ کالج آف انٹر نیشنل سکلز ڈویلپمنٹ میں میڈیکل سائنسز،آئی ٹی،ڈیجیٹل مارکیٹنگ،بیوٹیشن،میڈیا پروڈکشن اور ای کامرس سمیت دیگر مختلف کورسز کرائے جا رہے ہیں اور کالج میں طلبا و طالبات کو بالکل مفت تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ سکلز ڈویلپمنٹ سیکھنے والے بچے والدین پر مالی بوجھ بننے کے بجائے مستقبل میں انکا بہتر سہارا بن سکیں ۔ تقریب کے اختتام پر ڈگری اور مختلف کورسز مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے ۔