سمبڑیال:گوشت کی من مانی قیمتیں ،انتظامیہ بے بس
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )قصابوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں ، چکن، چھوٹے بڑے گوشت کی منہ مانگے ریٹ پر فروخت جاری ہے ، مجسٹریٹس صاحبان مصنوعی منافع خوری پر قابو پانے میں ناکام ہوگئے۔
انتظامیہ قصابوں کے سامنے بے بس ہوگئی۔سمبڑیال شہر اور گردونواح میں چکن فروشوں، چھوٹا بڑا گوشت فروخت کرنے والے قصابوں نے شہریوں کے ساتھ منافع خوری کی حدیں پار کرتے ہوئے دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار کا سلسلہ شروع کر دیا، چکن گوشت 800 روپے 850 روپے ، چھوٹا گوشت 2300 رو پے ، بڑا گوشت 1300تک سرعام فروخت ہونے لگا، پرائس کنٹرول نظام بری طرح فلاپ ہو گیا۔ تحصیل انتظامیہ نے منافع خور مافیا پر کنٹرول کرکے چکن گوشت، چھوٹا،بڑا گوشت سرکاری نرخوں پر فروخت کروانے کے بجائے قصاب مافیا کے آگے مکمل طور پر گھنٹے ٹیک د ئیے ہیں اور قصابوں کوعوام کو سرعام لوٹنے کی کھلی چھٹی دے دی ہے ۔ گوشت کی من مانی قیمتوں کی وصولی پر شہریوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے ، سول سوسائٹی، عوامی حلقوں اور شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔