پولیس ملازمین کے بیمار بچوں کی 28 لاکھ 55ہزارکی معاونت

 پولیس ملازمین کے بیمار بچوں کی 28 لاکھ 55ہزارکی معاونت

مختلف اضلاع میں ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی اور منظوری کے بعد فنڈزجاری

لاہور (کرائم رپورٹر ) آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس ملازمین کے سنگین بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے کے لیے مزید 28 لاکھ 55 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیے ۔ یہ فنڈز لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات ملازمین کے لیے ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی اور منظوری کے بعد فراہم کیے گئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر محمد طلحہ اعجاز کو نومولود بیٹے کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے دیے گئے ۔ اے ایس آئی سلیم اللہ کو بیٹے کے گردے اور جگر کے علاج کے لیے 5 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔

ہیڈ کانسٹیبل حیدر لودھی کو بیٹے کے عارضہ قلب کے علاج کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار، ڈرائیور کانسٹیبل سید کاشف علی کو بیٹے کے کینسر کے علاج کے لیے 1 لاکھ 75 ہزار ر ، کانسٹیبلز محمد اقبال، اویس قاسم اور اشتیاق شہزاد کو ایک لاکھ روپے فی کس دیئے گئے۔ ٹریفک وارڈن محمد اقبال اور کانسٹیبل ڈرائیور عمران منیر کو بھی ایک لاکھ روپے فی کس فراہم کیے گئے۔

سب انسپکٹر دلدار احمد، مرحوم اے ایس آئی بابر علی کی بیوہ اور ڈرائیور کانسٹیبل حسنات احمد کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 68 ہزار روپے دیے گئے ۔ سینئر کلرک فیصل عمران اور ڈرائیور کانسٹیبل محمد رمضان کو مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ کانسٹیبلز فرمان علی اور اقرار حسین کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 12 ہزار روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں